حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ڈیرہ اسماعیل خان/ یوم القدس متحد و منظم ہو کر منانے کے لیے سول سوسائٹی ڈیرہ کے نمائندوں کا اہم مشاورتی اجلاس شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر کی زیر صدارت نیشنل کلب میں منعقد کیا گیا۔
جس میں سابق صوبائی وزیر عبدالحلیم قصوریہ، جمعیت علمائے پاکستان کے رہ نما فقیر شیر محمد،خاکسار تحریک کے صوبائی ناظم میاں اللہ دتہ ساجد،جمعیت علمائے اسلام پاکستان ڈیرہ کے رہنما کفیل احمد نظامی،پیپلز پارٹی و ڈسٹرکٹ بار کے رہنما قیضار خان میاں خیل ایڈوکیٹ،مسلم لیگ ن کے رہنما ڈاکٹر عبد اللہ ظفری، جماعت اہل سنت ڈیرہ شہر کے صدر عابد فاروقی،آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن ڈیرہ کے ڈویژنل صدر فدا حسین بلوچ،سینئر نائب صدر محمد زبیر بلوچ،سینئر صحافی محمد ریحان،سینئر تجزیہ کار و کالم نگار ابوالمعظم ترابی اور دیگر نے شرکت کی۔
علامہ رمضان توقیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی مسلمان اسرائیلی مظالم کا شکار اور 57 مسلم ممالک خاموش ہیں حال آں کہ دین اسلام کی بنیادی تعلیم ہی ظلم و جبر کےخلاف جہاد ہے۔انہوں نے کہا وقت کا تقاضا ہےکہ مسلمان متحد ہو کر مظلوم فلسطینی عوام کے لیے اسرائیل کے خلاف پرزور احتجاج کریں تاکہ مسلم حکمران اور غیر مسلم دنیا صیہونی وحشت و بربریت کے سدباب کے لیے اپنا کردار ادا کرنے پر مجبور ہو جائے۔
انہوں نے تجویز دی کہ یوم القدس کے موقع پر ہم سب مل کر سول سوسائٹی کے پلیٹ فارم سے ریلی نکالیں اور سیمینار منعقد کریں جب کہ فلسطینی مسلمانوں سے یک جہتی و یگانگت کا اظہار کرنے کی خاطر ڈیرہ میں کوئی روڈ یا چوک شہدائے فلسطین کے نام سے منسوب کر دیں۔تمام شرکا نے ان کی تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے طے کیا کہ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ منصور ارشد سے مل کر تحریری طور پر استدعا کی جائے گی کہ شوبراہ ہوٹل چوک کو شہدائے فلسطین چوک قرار دیا جائے۔
29 مارچ کو سیمینار اور 5 اپریل جمعہ الوداع کے روز ریلی کا انعقاد کیا جائے گا اور مذکورہ پروگراموں میں شرکت کے لیے تمام مکاتب فکر کےعلمائے کرام و تنظیموں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ممتاز سیاسی شخصیت امان الحق غزنی خیل،ایم کیو ایم خیبر پختون خوا کے جنرل سیکرٹری عبدالقیوم قریشی ایڈوکیٹ اور مرکزی انجمن تاجران کے سینئر نائب صدر چودھری جمیل احمد بوجوہ شرکت نہ کر سکے تاہم انہوں نے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی مکمل تائید و حمایت کی۔